پشین/کوئٹہ (آئی این پی+آئی این پی) پشین میں گھر میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کی 3خواتین اور 9بچوں سمیت 13 افراد جاںبحق ہو گئے،جاں بحق ہونے والوں کی ہلاکت کا علم اس وقت ہوا جب صبح اہلخانہ انہیں بیدار کرنے کیلئے آئے، ایک ساتھ 13افراد کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا۔ جمعرات کو لیویز ذرائع کے مطابق پشین کے علاقے کلی کربلا میں مکان میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 13افراد جاںبحق ہوگئے۔ مرنے والوں کا علم صبح اس وقت ہوا جب اہلخانہ ان کو جگانے کیلئے آئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور 9 بچے شامل تھے۔گھر والوں نے سردی کی شدت سے بچنے کیلئے کمرے میں گیس کا ہیٹر جلایا اور دروازہ بند کر کے سو گئے ۔ رات کے وقت کمرے میں گیس بھرنے سے تمام افراد کا دم گھٹ گیا اور وہ جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ لیوےز حکام نے بتایا کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے کہ آیا یہ جنریٹر گیس سے دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے ہیں یا کوئی تخریب کاری تو نہیں ہوئی۔ حکام کے مطابق ہسپتال میں تمام نعشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کے بعد نعشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق شہباز شریف نے پشین میں کمرے میں گیس بھرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پشین/ہلاکت
پشین گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے تین خواتین‘ نو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 13 افراد جاں بحق
Jan 30, 2015