لاہور (سپیشل رپورٹر + وقائع نگار خصوصی + نامہ نگاران) گستاخانہ خاکوں کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جبکہ جماعۃ الدعوۃ اور جماعت اسلامی نے گستاخانہ خاکوں کیخلاف ملک گیر سطح پر مشترکہ جدوجہد پر اتفاق رائے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک بھر کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کا اجلاس طلب کرکے متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائیگا۔ گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وفد کے ہمراہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃ الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید سے ملاقات کی جس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت، مسئلہ کشمیر کیخلاف ہونے والی سازشوں اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے جی پی او چوک میں وکلا، سول سوسائٹی اور سماجی کارکنوں نے گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے اس موقع پر شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے فرانس کی مصنوعات کا ہر سطح پر بائیکاٹ، عالم اسلام سے او آئی سی کا اجلاس بلانے اور معاملہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرہ کا اہتمام حرمت رسول لائرز فورم اور الامہ لائرز فورم نے کیا تھا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ فرانس کی حکومت اس گستاخی میں برابر کی شریک ہے۔ پاکستان کے تاجر فرانسیسی مصنوعات کی تجارت کا بائیکاٹ کریں۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق گورنمنٹ مرے کالج کے طالب علموں نے ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ کندیاں سے نامہ نگار کے مطابق فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف انجمن تاجران کی اپیل پر پپلاں میں ہڑتال کی گئی۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق گستاخانہ خاکوں کے خلاف ایپکا وہاڑی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن میانوالی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ سکھیکی سے نامہ نگار کے مطابقپاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت سید عثمان شاہ اور ذوالفقار علی قادری نے کی، ریلی سرگودھا رروڈ محلہ حاجی کرم دین سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے لاہور روڈ پر چوک ریلوے بازار پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق واپڈ ایمپلائز پیغام یونین کے عہدیداروں اور واپڈا ملازمین نے ریلی نکالی جوکہ واپڈا دفاتر سے شروع ہوکر پٹرول پمپ چوک کچہری پہنچی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانہ کو بند کروایا جائے۔ سانگلہ ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تحریک صراط مستقیم اور جماعت اہل سنت دارالاحسان کے زیر اہتمام سالار والہ موڑ سے ریلوے سٹیشن تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت قاری فیاض احمد نقشبندی نے کی۔ ریلی میں حلقہ بھر کی دینی تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ او آئی سی گستاخانہ خاکوں کے معاملے کا نوٹس لے۔ علاوہ ازیں مرکز القادسیہ چوبرجی میں ملاقات میں حافظ محمد سعید، سراج الحق اور دیگر قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تحفظ حرمت رسول ﷺ کے مسئلہ پر پورے ملک میں مشترکہ طور پر بھرپور تحریک کھڑی کی جائے گی اور حکومت پر دبائو بڑھایا جائے گا کہ وہ عالمی سطح پر قانون پاس کروائیں۔ قائدین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ جدوجہد کو ایک باقاعدہ تحریک کی شکل دے کر پورے ملک میں مشترکہ پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا اور ملک بھر کی مذہبی و سیاسی قیادت اور قوم کے ہر طبقہ کو اس میں شریک کیا جائے گا۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری و پاکستانی مسلمانوں کا خون ایک ہوچکا ہے انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا۔ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
گستاخانہ خاکوں کیخلاف مظاہرے جاری، جماعۃ الدعوۃ، جماعت اسلامی مشترکہ جدوجہد پر متفق
Jan 30, 2015