اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے ارکان اسمبلی کے اندرون ملک سفر کے ہوائی ٹکٹوں اور وائوچرز کے اجراء کا موجودہ نظام 30 جون تک ختم کرنے اور اس کی جگہ نیا نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی۔ یکم جولائی 2015ء سے ارکان اسمبلی کا ایک لاکھ روپے کا سفری الائونس ان کے بینک میں جمع کرا دیا جائے گا اور وائوچرز کی جگہ ڈیبٹ کارڈ جاری کر دیا جائے گا‘ زمینی سفر کی صورت میں 10 روپے فی کلومیٹر ادائیگی کو 20 روپے فی کلومیٹر کرنے کی تجویز وزارت خزانہ نے مسترد کر دی‘ صرف پی آئی اے کے ذریعے سفر کی شرط بھی ختم کر دی گئی۔ قائمہ کمیٹیوں کو بااختیار بنانے‘ ارکان کے استحقاقات کو یقینی بنانے اور دوران سیشن ارکان پارلیمنٹ کو عدالتوں میں پیش ہونے سے مستثنیٰ کرنے کیلئے نفیسہ شاہ کی سفارشات پر غور کیلئے پارلیمنٹ کی پارلیمانی امور اور استحقاقات کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا جس میں وزارت قانون اور کابینہ ڈویژن کے حکام کو بھی طلب کر لیا گیا۔ کمیٹی نے اتفاق رائے سے ارکان کے فضائی سفر اور وائوچرز کے اجراء کے نئے نظام کی منظوری دی۔ ارکان چاہیں تو ٹرین یا بس سروس سے بھی سفر کر سکیں گے اور ڈیبٹ کارڈ سے ادائیگی کر سکیں گے۔