نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دس لاکھ روپے مالیت کے سوٹ جس پر ان کا نام کڑھائی کیا ہوا تھا، سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ دور سے دیکھنے میں یہ عام نیلے رنگ کا دھاری دار سوٹ لگ رہا تھا لیکن تصاویر میں کلوزاپ سے ظاہر ہوا کے دھاریوں پر در حقیقت بار بار انگریزی میں نریندر مودی لکھا ہوا ہے۔ ٹوئٹر پر کئی لوگوں نے نریندر مودی کے سوٹ پر کڑی تنقید کی ہے۔ ان میں تجزیہ نگار براہما چلینی اور کالم نگار براؤن شامل ہیں۔ ناقدین نے ان پر ’خود پسندی‘ اور ’نرگسیت‘ کا الزام لگایا اور ان کے نام والے سوٹ کو ایک ’ڈھکوسلہ‘ قرار دیا ہے۔ مصنف کرشن پرتاب سنگھ نے اپنے ٹوئیٹ میں نریندر مودی کے سوٹ کی قیمت پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارت میں اس ہفتے آٹھ غریب کسانوں نے مفلسی کی وجہ سے خودکشی کر لی جبکہ وزیر اعظم اتنا مہنگا سوٹ پہنتے ہیں۔ کانگرس پارٹی کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے نریندر مودی کو ’احساس برتری کا شکار‘ کہا۔ سیاسی کارٹونسٹ منجول نے ایک کارٹون شائع کیا ہے جس میں ایک عام آدمی جس کی قمیض پر بھارت کے مسائل درج ہیں نریندر مودی سے ان کے سوٹ کے بارے میں سوال کر رہا ہے۔
بھارت میں اس ہفتے 8 غریب کسانوں نے خودکشی کی، مودی 10 لاکھ روپے کا سوٹ پہن رہے ہیں: سوشل میڈیا پر تنقید جاری
Jan 30, 2015