وی آئی پی کلچر کے تحفظ کیلئے قائمہ کمیٹی میں تمام ارکان کا ”اتحاد“

اسلام آباد (آئی این پی) وی آئی پی کلچر کے تحفظ کےلئے تمام ارکان اسمبلی نے اتفاق رائے، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعدو وضوابط و استحقاق نے رکن اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور پی آئی اے کے جہاز سے اتارنے پر ارجمند حسنین نامی مسافر کے خلاف مقدمہ کے اندارج اور ہوائی سفر پر پابندی کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ اگلے اجلاس تک موخر کر دیا۔ کمیٹی نے جی پی او کے افسر کے معافی مانگنے پر رکن اسمبلی نثار جٹ سے صلح کرا دی۔ رمیش کمار نے کہا میں مقدمہ واپس نہیں لوں گا۔ یہ کسی ایک رکن نہیں بلکہ ارکان پارلیمنٹ کی عزت و توقیر کا معاملہ ہے۔ ایک مسافر ارجمند حسنین نے نہ صرف بدسلوکی کی بلکہ ویڈیو بھی بنائی اور پھر طیارے سے نکالنے کےلئے دھمکایا۔ جہاز کے کیپٹن اور مسافر کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سیکرٹری علی محمد گردیزی نے کہا فضائی سفر کےلئے کوئی شخص شناختی کارڈ کے ذریعے ٹکٹ نہیں لیتا۔ ارجمند حسنین کے معاملے پر تمام فضائی کمپنیوں کو آگاہ کیا جائےگا اور ملکی فضائی کمپنیوں پر اسے سفر کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ شگفتہ جمانی کے سوال کے جواب میں علی گردیزی نے بتایا ایم ڈی پی آئی اے ایم ون سکیل کے تحت 7لاکھ تنخواہ لیتے ہیں جبکہ گزشتہ سال جون میں چار افسران کی باہر سے تقرری کی گئی جن میں سے ایک افسر چھوڑ گئے جبکہ وسیم سلیمی سی ایل او کو 2.5 ملین روپے تنخواہ پر رکھا گیا جبکہ بریگیڈئر آصف کو ایڈمنسٹریشن کی ذمہ داریوں کےلئے 7 سے آٹھ لاکھ اور جاوید آگرہ والا کو فنانس کی ذمہ داریوں کےلئے 7 سے آٹھ لاکھ تنخواہ پر ان کی خدمات لی گئی ہےں۔ رمیش کمار نے مطالبہ کیا لاہور میں دو پروازیں روزانہ چلتی ہیں اس کو کم کر کے سندھ کو ریلیف دیا جائے کیونکہ لاہور کےلئے موٹروے پر بھی بآسانی سفر کیا جا سکتا ہے۔ سابق آئی جی پنجاب خان بیگ، ایس ایس پی فیصل آباد اور ایس ایچ او تھانہ ریل بازار کی بدسلوکی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس میں پولیس افسران نے نثار جٹ سے بدسلوکی کی تھی۔ ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی اس معاملے کی وہ ازخود انکوائری کرینگے جس پر کمیٹی نے تمام ارکان کی رائے سے ذیلی کمیٹی تشکیل دے کر معاملہ جلد حل کرنے کی ہدایت کر دی۔
کمیٹی اتحاد

ای پیپر دی نیشن