الطاف، ساتھیوں کیخلاف غداری کے مقدمے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

Jan 30, 2016

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ کے روبرو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر راہنمائوں کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے اور ڈاکٹر فاروق ستار کے 26جنوری کو نشر کئے گئے انٹرویو کی ریکارڈنگ طلب کرنے کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے عدلیہ اور ججز پر تنقید کی۔ غلط ریمارکس دیئے اور احتجاج کی دھمکی بھی دی۔ ایم کیو ایم کے راہنما عدالت میں زیر سماعت مقدمے میں اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے راہنما ماضی میں بھی اداروں کے خلاف غیر آئینی بیانات دے کر معافی مانگتے رہے ہیں۔ فاضل عدالت ان کی معافی کی درخواست کو خارج کرتے ہوئے میرٹ پر کیس کا فیصلہ کرے اور ایم کیو ایم کے راہنمائوں کے خلاف آرٹیکل6 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ فاضل عدالت کے روبرو گزشتہ روز کیس کی سماعت نہ ہو سکی جس پر فاضل عدالت نے سماعت 23 فروری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں