پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس کسی بڑے فیصلے کے بغیر اختتام پذیر

Jan 30, 2016

لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اجلاس بغیر کسی بڑے فیصلے کے اختتام پذیر ہو گیا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی زیر صدارت اجلاس میں ڈائریکٹر انفراسٹرکچر اینڈ رئیل سٹیٹ کے عہدہ کی منظوری کے ساتھ بورڈ کی سالانہ جنرل کونسل اجلاس کے لیے 14 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی۔ اجلاس کے دوران سانحہ چار سدرہ کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ چیئرمین پی سی بی نے اجلاس میں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے ارکان کو بتایا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہو رہے ہیں۔ مصباح الحق اور یونس خان کو کرکٹ آفیئرز کے حوالے سے چیئرمین کا ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے۔ ملک میں کرکٹ کی ترقی کے لیے بورڈ ان کے مفید مشوروں سے فائدہ اٹھاتا رہے گا۔ دونوں کرکٹرز کی تجاویز کرکٹ کی بہتری میں مددگار ثابت ہونگی۔مالی معاملات کو شفاف بنانے کے لیے آڈٹ کا بہترین طریقہ کار اپنایا گیا ہے۔ افغانستان کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کے دورہ پر آ رہی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے ہمارے ڈومیسٹک کرکٹ پر بہت زیادہ مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی اور چیئرمین گورننگ کونسل پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے 4 سے 23 فروری تک منعقد ہونے والے ایونٹ کی تیاروں کے حوالے سے ارکان کو تفصیل سے بتایا۔۔

مزیدخبریں