ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کے گریڈ 17 سے 20 کے افسروں کیلئے ہزاروں روپے یوٹیلیٹی الائونس کا فیصلہ

لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں چیف سیکرٹری اور ائی جی پنجاب کے ایگزیکٹو الائونس کے بعد گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک کے ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ افسران کو ہزاروں روپے کا یوٹیلیٹی الائونس دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اس وقت گریڈ 20 کے سیکرٹریوں کو 30 ہزار روپے ماہانہ یوٹیلٹی الائونس دیا جارہا ہے، اس کو بڑھا کر 50 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی تجویز زیر غور ہے جس کو ایک دو روز میں فائنل کر دیا جائیگا تاہم محکمہ خزانہ پنجاب اور محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کے اعلیٰ افسران میں یوٹیلیٹی الائونس کی رقم پر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ پریشر سے بچنے کیلئے چھوٹے ملازمین کو بھی یوٹیلیٹی الائونس دینے کی تجویز دی گئی ہے اور 5 ہزار روپے ماہانہ صرف سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کو دیا جائیگا۔ پنجاب حکومت نے بیورو کریسی کو مراعات دینے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اس کی وجوہات کے بارے میں کوئی بتانے کو تیار نہیں۔ تاہم جو تجویز محکمہ خزانہ پنجاب نے چیف سیکرٹری کی ہدایات پر دی ہے اسکے مطابق گریڈ 17 کے افسر کے لئے 15 ہزار، گریڈ 18 کے افسر کیلئے 20 ہزار، گریڈ 19 کے افسران کے لئے 30 ہزار، گریڈ 20 کے افسران کا 40 ہزار روپے ماہانہ یوٹیلیٹی الائونس دینے کی تجویز دی تھی جس پر محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن نے اعتراضات لگاتے ہوئے کہا ہے گریڈ 17 کو 20 ہزار، گریڈ 18 کو 25 ہزار ، گریڈ 19 کو 35 ہزار ، اور گریڈ 20 کو ماہانہ 50 ہزار ماہانہ دیئے جائیں۔ جس پر کیس حتمی منظوری کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دیا ہے۔ محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کے ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب نے جو کیس بھجوایا تھا ا س میں بہت کم پیسے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ آجکل یوٹیلیٹی بلز بہت زیادہ ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا حکومت نے اچانک کیوں الائونس دینا شروع کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا سندھ میں بھی افسران کو یوٹیلیٹی الائونس دیا جارہا ہے یہ کوئی نئی بات نہیں۔ چیف سیکرٹری آفس کے ذرائع نے بتایا صرف محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسریشن اور سول سیکرٹریٹ کے دیگر محکمے شامل ہیں۔ ان محکموں کے افسروں کو یوٹیلیٹی الائونس دیا جائیگا اور سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کو گریڈ 16 تک بھی تقریباً پانچ سے 10 ہزار تک دینے کی تجویز دی گئی ہے ۔ تاہم پورے پنجاب کے گریڈ 17 سے 20 کے افسران کو یہ الائونس نہیں دیا جارہا کیونکہ دیگر شعبہ جات میں الائونس دیگر صورتوں میں دئیے جارہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن