عمران نواز شریف کا مقابلہ نہیں کرسکتے، وزیراعلیٰ ڈانس، سازشوں میں نمبر ون ہے: امیر مقام

Jan 30, 2017

پشاور(صباح نیوز) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک کو بہت کچھ دیا، عمران خان خیبر پی کے میں تو کچھ کر نہیں سکے، نواز شریف کا مقابلہ کیسے کریں گے، پشاور کے علاقے متنی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے سوال کیا کنٹینر خان کی تبدیلی کہاں ہے؟ انہوں نے دعوی کیا خیبر پی کے کے عوام نے تو عمران خان کو مسترد کر دیا، وہ نواز شریف سے مقابلہ کیسے کریں گے؟ امیر مقام نے الزام عائد کیا عمران خان کا وزیراعلیٰ ڈانس اور سازشوں میں نمبر ون ہے۔ میرا قائد مجھے اجازت دے تو عمران خان کے پی میں قدم بھی نہ رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا عمران خان کی سیاست انتشار کی سیاست ہے۔ عوام نہ عمران خان کو مانتے ہیں اور نہ ان کے ایجنڈے کو، نواز شریف نے عوام کی خدمت کی ہے، عمران خان ان سے مقابلہ نہیں کرسکتے، پاکستان کو2018 تک روشن ملک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا عمران خان کہتے کچھ اور کرتے کچھ ہیں۔ پاکستان کی ترقی کی ضمانت صرف نواز شریف ہی ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے نمائندے انتشار کے لئے اسمبلی آتے ہیں۔ انہوں نے کہا سی پیک بیس کروڑ عوام کا منصوبہ ہے، خان صاحب ایک جانب سی پیک میں نئے منصوبے شامل کرنے کی مفاہمت پر دستخط کر رہے ہیں تو دوسری جانب عدالت میں رٹ دائر کررکھی ہے۔ لیگی رہنما کیپٹن (ر)صفدر نے اپنے خطاب میں کہا خیبر پی کے میں 2018 کا الیکشن مسلم لیگ ن اکثریت سے جیتے گی، انشاء اللہ ملک میں نظام مصطفیؐ لے کر آئیں گے۔

مزیدخبریں