لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو انسداد دہشت گردی عدالت میں طلبی کے نوٹس معطل کرنے کے حکم امتناعی میں توسیع کر دی۔ جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے عدالت کو بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے دو مقدمات درج ہوئے مجھے ان میں ملزم نامزد نہیں کیا گیا۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے چوبیس ماہ بعد مجھے استغاثہ میں ملزم نامزد کیا گیا۔ استغاثہ میں ان کا موقف سنے بغیر انسداد دہشت گردی عدالت نے انہیں طلبی کے بے بنیاد نوٹس جاری کئے۔ عوامی تحریک کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے کہا کہ رائے بشیر پیش ہوں گے تو کیس کی سماعت آگے بڑھے گی۔ میڈیا میں جاکر بیان بازی کی جاتی ہے کہ کیس کی سماعت آگے نہیں بڑھائی جا رہی۔ فل بنچ نے مزید سماعت چودہ فروری تک ملتوی کرتے ہوئے ادارہ منہاج القرآن کے وکیل رائے بشیر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
ہائیکورٹ/ بیان بازی
سانحہ ماڈل ٹاﺅن، میڈیا میں بیان بازی، سماعت آگے نہیں بڑھائی جارہی: ہائیکورٹ
Jan 30, 2018