کابل : فوجی اڈے پر داعش کے حملے میں 11 افغان سکیورٹی اہلکار اور چار حملہ آور ہلاک

کابل+ اسلام آباد (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) افغان وزارت دفاع کے مطابق کابل میں ایک فوجی اڈے پر داعش کے حملے میں 11 افغان سکیورٹی اہلکار اور چار حملہ آور ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ حکام نے ایک حملہ آور کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ افغانستان کی ملٹری اکیڈمی کے قریب ہی واقع اس فوجی اڈے سے پیر کی صبح دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ وزارت دفاع کے ترجمان جنرل دولت وزیری نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس حملے میں 11فوجی ہلاک‘ 16زخمی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق پانچ میں سے دو حملہ آوروں نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا جبکہ دو کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک اور ایک کو گرفتار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے قبضے سے چار اے کے 47 بندوقیں، ایک خودکش جیکٹ اور ایک راکٹ لانچر بھی برآمد ہوا۔ داعش کی نیوز ایجنسی اعماق کے مطابق یہ حملہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے کیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے ہوا۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کابل کے ہوٹل اور پھر ایمبولینس میں دھماکے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ دو روز قبل ایمبولینس کے ذریعے کیے جانے والے حملے میں 90 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ افغان ٹی وی طلوع نیوز نے صدارتی ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ کوئی بھی حملہ آور اکیڈمی کے پہلے دروازے سے آگے نہیں بڑھ سکا اور اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا۔ اس سے قبل یہ اطلاعات تھیں کہ حملے کا نشانہ مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ہے۔ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک میں سکیورٹی افواج کی طرف سے پیش قدمی کے جواب میں کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق امریکہ کی جانب سے کی جانے والے فضائی کارروائیوں نے طالبان کو صوبے ہلمند کے کچھ حصوں سے پیچھے دھکیلنے میں مدد دی۔ حکام کے مطابق شدت پسند دارالحکومت پر زیادہ بہتر طریقے سے حملہ کرکے بین الاقوامی توجہ کو اپنی جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں۔ پاکستان نے کابل ملٹری اکیڈمی پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے، دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتا ہے۔ دکھ کی گھڑی میں افغانستان حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔
کابل حملہ

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...