حج 2018 معاہدے، وزیر مذہبی امور سردار یوسف سعودی عرب پہنچ گئے

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2018 کے لئے معاہدے پر دستخط جمعرات یکم فروری کو سعودی عرب میں ہوں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور اس سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے، وزارت مذہبی اموربدھ کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناعی پر اپنا موقف پیش کرے گی۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف تین فروری کو وزیر مذہبی امور مکتب الوکلا، 4 فروری کو سعودی محکمہ ٹرانسپورٹ، الیکٹرانک ٹریک، موسسہ جنوبی ایشیا، 5 فروری کو سعودی وزارت حج مدینہ برانچ اور موسسہ مدینہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جبکہ 6 فروری کو سعودی وزارت حج کے ساتھ حج تعلیمات کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز کی تنظیم نے سندھ ہائی کورٹ سے حج قرعہ اندازی رکوانے کے حوالے سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے جس کے بعد 26 جنوری کو ہونے والی حج قرعہ اندازی ملتوی کر دی گئی تھی۔ وزارت مذہبی امور 31 جنوری کو سندھ ہائی کورٹ کے سامنے اپنا موقف پیش کرے گی۔ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وزارت مذہبی امور آئندہ کی حکمت عملی اختیار کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن