شام بمباری 33 شہری جاں بحق :سرحد پردہشتگردوں کا خاتمہ کردینگے:اردگان

بیروت، انقرہ (اے ایف پی+ آن لائن) شامی لڑاکا طیاروں کی سبزی منڈی اور دیگر مقامات پر بمباری کے سبب 33 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ صوبے ادلب میں قصبے سراقب میں فضائی حملے سے 16 شہری لقمہ اجل اور 17 دوسرے حملے میں جان سے گئے۔ سیرین آبزرویٹری کے ترجمان اور سربراہ رامی عبدالرحمن نے یہ رپورٹ کیا ہے۔ ادھر ترک حکام نے شام میں آپریشن کے خلاف دہشت گردانہ پروپیگنڈا کے الزام میں 311 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یاد رہے شام میں 20 جنوری سے کرد تنظیم وائی پی جی کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے لیکن یورپ سمیت کئی شہروں میں فوجی کارروائی کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ ادھر ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ شام سے ملحقہ ملکی سرحدوں پر دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کو اپنے ایک بیان میں تر ک صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ شام سے ملحقہ ملکی سرحدوں پر دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کی شکست کے بعد ترکی میں شامی مہاجرین جلد اپنے وطن واپس لوٹ سکیں گے۔

ای پیپر دی نیشن