لاہور، گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے۔ دھند کے باعث گزشتہ روز ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت متعدد شدید زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ میں چیانوالی کے قریب تیزرفتار مسافر وین نے سڑک عبور کرنیوالے دو افراد کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک نامعلوم شخص موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرے زخمی مجاہد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں سمن آباد چونگی کے قریب نامعلوم شخص دھند کے باعث گندے نالے میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ ڈجکوٹ میں ویگن ریت سے بھری ٹرالی سے جاٹکرائی ڈرائیور جاں بحق خاتون کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ کئی شہروں میں پروازیں متاثر، بجلی و گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا۔ ساہیوال میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی سوئی گیس کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہوگیا۔ خوا تین سارا سارا دن اور رات گئے تک گیس کے آنے کا انتظار کرتی رہتی ہیںا کثر خوا تین گھروں میں لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔ شہریوںکا کہناہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتاہے جس کے باعث سکول کے بچے اور وہ بغیر ناشتے ہی گھروںسے جانے پر مجبور ہیں۔ شدید دھند کے باعث سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعددپروازیں تاخیر کاشکار ہوئیں‘ گزشتہ روز سیالکوٹ میں شدید دھند رہی ‘ریاض جانے والی پرواز نمبری PK-755 منسوخ دوبئی EK-621 دوگھنٹے، دوبئی جانے والے فلائٹ نمبرFZ-328 پانچ گھنٹے، دوحہ جانے والی فلائٹ QR-627 چار گھنٹے اور شارجہ جانے والی پرواز NL-796 نوگھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ سمندری کی کالونی مہدی ٹائون اور اس کے گرد نواح میں گیس لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا گیس کی لود شیڈنگ کے خلاف مہدی ٹاون کے رہائشی متعدد بار احتجاج کر چکے ہیں لیکن محکمہ اور منتخب نمائندوںکی طرف سے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کی یقین دہانی کے باوجود بھی تاحال مسئلہ حل نہیں ہو سکا ۔ لالہ موسیٰ شہرمیں سوئی گیس پریشر میں کمی کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑگئے ،مسلم لیگ ن کی قیادت کاسوئی گیس پریشرکامسئلہ حل کرنے کاخواب ادھورا رہ گیا۔قصبہ محلہ ،کریم پورہ، قلعی گراں ،عیدگاہ روڈ سمیت کئی محلوں میں سوئی گیس کاپریشرنہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، خصوصاً صبح ناشتے اور شام کے کھانے کے اوقات میں سوئی گیس کے چولہے پر چائے کاکپ تیارکرنابھی خواتین کے لئے ’’جوئے شیرلانے کے مترادف ‘‘ہوتاہے ،وزیرمملکت پورٹ اینڈشپنگ چوہدری جعفراقبال کی طرف سے محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے لالہ موسیٰ میں سوئی گیس پریشرکے مسئلہ کے حل کیلئے ہونے والی مختلف اوقات میں ملاقاتین بھی بے سودثابت ہورہی ہیں،شہریوں کی طرف سے محکمہ سوئی گیس کی ہیلپ لائن 1199پررابطہ کرنے پرجواب ملتاہے کہ کمپریسرسے گیس کھینچ لی جاتی ہے جس سے سوئی گیس پریشرمیں مسئلہ پیداہورہاہے ۔ شاہکوٹ، صفدرآباد میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور اعلیٰ احکام سے مطالبہ کیا کہ بجلی، گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فی الفور بند کی جائے ۔حافظ آباد+ ونیکے تارڑ میں سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوںکو چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ تندوروں اور ہوٹلوں پر لائنیں لگی دکھائی دینے لگیں۔ لوگ پریشان ہوکر رہ گئے۔
دھند: گوجرانوالہ، ڈجکوٹ میں ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
Jan 30, 2018