اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی کی تنخواہ و مراعات سمیت ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی کے عمل کا مکمل ریکارڈ جمعرات تک طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ بتایا جائے ایم ڈی پی ٹی وی کی دو سال سے تعیناتی کیوں نہیں ہوئی اور تاخیر کا ذمہ دار کون ہے، یڑھ سال بعد تعیناتی کے لیے اشتہار کیوں جاری کیا گیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ کیا حکومت کو اتنے عرصے میں کوئی کام کا بندہ نہیں ملا؟ نجی چینلز پر خبریں اکثر غلط چلتی ہیں، ایسے میں پی ٹی وی کا کردار اہم ہوتا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ پی ٹی وی کو آزاد ادارہ ہونا چاہیے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم نے پی ٹی وی اصلاحات کیلئے کمیٹی بنا دی ہے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات قائم مقام ایم ڈی پی ٹی وی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سیکرٹری اطلاعات کے ماتحت پی ٹی وی آزاد کیسے ہوگا؟ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو سرکاری ٹی وی پر کوریج ملنی چاہیے۔
سپریم کورٹ نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی کی تنخواہ و مراعات سمیت مکمل ریکارڈ طلب کرلیا
Jan 30, 2018