پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے میں مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے نوشہرہ میں کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ عمران خان کے پاس کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وقت نہیں ہوتا۔ عمران خان نے یوٹرن لینے میں ڈگریاں حاصل کر لی ہیں۔ یو ٹرن کی تعلیم لینی ہے تو بنی گالہ میں داخلہ لے لیں۔ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھنے شروع کر دیئے ہیں۔ عمران خان کا وزارت عظمیٰ کا خواب خواب ہی رہ جائے گا۔ وزارت عظمیٰ ان کی قسمت میں نہیں ہے۔ عمران خان نے جو شیروانی بنائی ہے وہ نئی شادی میں استعمال کر لیں۔ عمران خان کو خیبر پی کے کے عوام کی عزت اپنی عزت نہیں لگتی، عمران کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ پارلیمنٹ کو لعنت دے کر آپ 22 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کو لعنت دے رہے ہو۔ ایک طرف لعنت بھیجتے ہیں دوسری طرف تنخواہ بھی وصول کرتے ہیں۔ عمران خان ڈیرہ اسماعیل خان کی شریفاں بی بی کو بھول گئے۔ شریفاں بی بی کے ساتھ جو ظلم ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہیں شریفاں بی بی سے ہمدردی کی توفیق نہیں ہوئی۔ عمران اپنی ذات کے علاوہ کسی چیز کو نہیں مانتے۔ مردان میں معصوم بچی کا واقعہ ہوا، عمران کنٹینر پر لگے ہوئے ہیں۔ عمران، طاہر القادری اور زرداری کے ساتھ حکومت ہٹانے میں لگے ہوئے ہیں۔ قصور میں واقعہ ہوا تو کہتے ہیں شہباز شریف استعفیٰ دے، پنجاب پولیس نے دن رات ایک کرکے قصور واقعے کا ملزم پکڑ لیا۔
وزارت عظمیٰ عمران کے مقدر میں نہیں، شیروانی نئی شادی کیلئے رکھ لیں: امیر مقام
Jan 30, 2018