بھارت قومی سلامتی کیلئے کوئی بھی اقدام اٹھانے میں جھجک نہیں کریگا: مودی کی نئی گیدڑ بھبکی

Jan 30, 2019

نئی دہلی(کے پی آئی )بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کا نام لیے بغیر گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے دفاع کے میدان میں اپنی صلاحیت میں اضافہ کیا اور قومی سلامتی کے لیے وہ کوئی بھی اقدام کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ بھارتی میڈیاکے مطابق مودی نے یہاں دہلی چھائونی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے معیشت اور دفاع کے میدان میں اپنی اہلیت میں اضافہ کیا۔ فوج نے سرحد پار کی گئی سرجیکل اسٹرائک کا بالواسطہ طور پر ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے۔‘ ہم کسی کو چھیڑتے نہیں ہیں، لیکن چھیڑا تو چھوڑتے نہیں ہیں’۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ضروری ہونے پر اور بھی سخت فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان امن کا سخت ترین حامی ہے لیکن قومی سلامتی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس بابت ہم کوئی بھی قدم اٹھانے میں جھجھک نہیں کریں گے۔حکومت قومی سلامتی کے معاملے میں سخت فیصلے کرتی رہے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے ان چنندہ ممالک میں شامل ہو گیا ہے جوفوج ، بحریہ اور فضائیہ، تینوں جگہ سے ایٹمی حملے اور اپنی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رافیل جنگی طیارے کے سودے کے سلسلے میں اپوزیشن کے ذریعے اٹھائے گئے سوالات کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے دہائیوں سے زیر التویٰ جنگی طیاروں کے سودے کو عملی جامہ نہیں پہنایا۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں ہی ہیلی کاپٹر، ٹینک، میزائل اور گولے بارود بنائے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں