اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر شہری ہوابازی اور نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ،مستعد،پائیدار اور اقتصادی طور پر موثر شہری ہوابازی کے لیے بنائی جانے والی عالمی پالیسیوں اور گائیڈ لائینز کی بھرپور حمایت کرتاہے۔ایک مضبوط اور قابل انحصار فضائی آمدورفت کا نظام (ائیر ٹرانسپورٹ سسٹم)بنانے کے لیے پاکستان اپنے ائیرنیویگیشن انفرااسٹرکچرکو جدید خطوط پراستوار کر چکا ہے اورساتھ ہی ساتھ کمیونیکیشن،نیو یگیشن اور سرویلینس کا جدید سسٹم لگا چکا ہے۔انہوں نے یہاں منگل کے روزجنوبی ایشیاء کے آٹھ ممالک کے کوآپریٹو پروگرام برائے شہری ہوابازی کی اسٹیرئنگ کمیٹی کے ستائیسویں تین روزہ اجلاس کا آغاز کرنے کے بعد اپنے خطاب میں یہ بات کہی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ حال ہی میں شروع کیا گیا اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ ملک کا پہلا گرین فیلڈائیر پورٹ ہے۔اور اس کے علاوہ ملک کے بیشتر انٹرنیشنل ائیر پورٹس کو اپ گریڈکیا جا چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی تعمیر سے نہ صرف ملکی ائیر ٹرانسپورٹ سسٹم مستحکم ہو گا بلکہ اس سے ملکی اقتصادی ترقی میں بھی تیزی آئے گی۔اجلاس کے مرکزی خیال محفوظ شہری ہوا بازی کے لیے مشترکہ تعاون کے حوالے سے محمد میاں سومرو نے کہا کہ جنوبی ایشیائ میں شہری ہوا بازی کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی معیارات پر عملدرآمد ہونا چائیے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری ہوابازی کو مزید محفوظ بنانے کے لیے مذکورہ کوآپریٹو پروگرام کے رکن ممالک کے مابین پائیدار، پرامن اور باہم جوڑنے والے تعلقات بڑھانے میں اجلاس کا انعقاداہم کردار ادا کرے گا۔قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں سیکریٹری ایوی ایشن ڈویڑن اور ڈائیریکٹرجنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اسکواڈرن لیڈر (ریٹائرڈ)شاہ رخ نصرت نے کہا کہ شہری ہوابازی کے شعبہ میں پاکستان پائیدار ترقی کے فلسفے پر یقین رکھتاہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایوی ایشن پالیسی کی جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگی،ریگولیشنز میں نئی قوت کے ساتھ حکومتی کردار ،شہری ہوابازی کے حفاظتی امورمیں استحکام ،مارکیٹ تک رسائی اور ٹریفک کے حقوق میں آزاد پالیسیوں کے ساتھ ساتھ ائیر پورٹس کو جدید بنا دینا شہری ہوابازی میں پائیدارترقی کے لیے کی گئی ہماری کو ششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ایئر نیویگیشن انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جاچکا، سومرو
Jan 30, 2019