لاہور(پ ر) لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے سلمان دائود سکول آف بزنس (ایس ڈی ایس بی) میں چین پاکستان مینجمنٹ انیشی ایٹیو (سی پی ایم آئی) نے ’ چین پاکستان اقتصادی راہداری، تبدیلی کا انتظام‘ کے موضوع پر پہلی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ ڈائریکٹر سی پی ایم آئی ڈاکٹر عمیر ہارون نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان صنعت اور کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ ملک کے بدلتے ہوئے کاروباری ماحول سے مطابقت پیدا کریں۔ لمز کے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد احمد نے افتتاحی کلمات میں چین کی جانب سے تعلیم، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بامقصد اور لگن سے بھرپور کوششوں کے زریعے حاصل کردہ معاشی ترقی کے بارے میں شرکاء کو آگاہی دی اور کہا کہ پاکستان ان شعبوں میں چین کی کامیاب تجربہ سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔ پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر شاہ جہاں مرزا نے اپنے خطاب میں پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں ترقی کی صورتحال کے بارے میں بتایا۔ مباحثہ میں پاکستان میں چینی کاروباروں اور صنعت کے بڑھنے سے پیشہ ورانہ سروس پرووائیڈرز کو درپیش چیلنجز اور امکانات پر اظہار خیال کیا گیا۔ مباحثہ میں انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹینٹس آف پاکستان کے صدر جعفر حسین سمیت فنانس، اکائونٹنگ، کنسلٹنگ اور ٹیکس پریکٹیشنرز نے حصہ لیا۔
لمز میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا نفرنس کا انعقادکیا گیا
Jan 30, 2019