لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی ایچ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو خط لکھ کر پرو لیگ مقابلوں میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے وضاحت طلب کی ہے۔ جواب جمع کرانے کے لیے پی ایچ ایف کے پاس کل تک کی مہلت ہے۔ تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں پاکستان ہاکی فیڈریشن پر دو سال تک بین الاقوامی مقابلوں میں پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایف آئی ایچ کی طرف سے پابندی کی صورت میں پاکستان ہاکی ٹیم کانٹینیٹل مقابلوں میں بھی شرکت کی اہل نہیں رہے گی۔ ایف آئی ایچ کی طرف سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو تیس ہزار سوئس رینک جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی کے زیر انتظام پرو لیگ کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایونٹ کے پہلے حصے میں شرکت کے لیے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں تربیتی کیمپ بھی لگایا گیا۔ پرو لیگ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم کا اعلان بھی ہوا تاہم فنڈز کی کمی کی وجہ سے عین وقت پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ارجنٹائن میں پرو ہاکی لیگ کے میچز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس اقدام کے بعد فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے پی ایچ ایف سے وضاحت طلب کی ہے۔ غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں پابندی اور تیس ہزار سوئس رینک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا اس عرصے میں ہونیوالے مقابلوں میں عدم شرکت کی وجہ سے قومی ٹیم کی درجہ بندی میں بھی تنزلی آتی رہے گی۔