لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کیلئے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاون پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کی بطور ادارہ استعداد کارمیں اضافہ ناگزیر ہے۔ یہ بات انہوں نے پھاٹا بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس کے دوران نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کیلئے پھاٹا کی کپیسٹی بلڈنگ کے حوالے سے تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ میاں محمود الرشید نے اس موقع پر کہا کہ پھاٹا کے فنانس، انجینئرنگ، پلاننگ، پروکیورمنٹ کے شعبوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ مزید براں لیگل، آئی ٹی، مارکیٹنگ اور کمیونیکیشن کے شعبوں کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔ پھاٹا کی تنظیم نو سے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی تیز رفتاری سے تکمیل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے مختلف شہروں میں آغاز کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جبکہ 6شہروں میں پراجیکٹ کے تحت گھروں کی فراہمی کے حوالے سے موصول ہونے والی درخواستوں کی قرعہ اندازی کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔ اجلاس کے دوران پھاٹا آرڈیننس 2002 میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔