تجارتی ترقی کیلئے پہلی پاکستان افریقہ کانفرنس آج نیروبی میںہوگی

Jan 30, 2020

کراچی ( کامرس رپورٹر) تجارتی ترقی کے بارے میں دو روزہ پہلی پاکستان افریقہ کانفرنس آج ( جمعرات )سے نیروبی میں شروع ہوگی ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور مشیر تجارت عبدالرزاق دائود کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران خارجہ امور اور عالمی تجارت کے کابینہ سیکرٹریوں سمیت کینیا کی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ کینیا کی کابینہ کے ارکان ،دوسرے افریقی ملکوں نے شخصیات اور افریقہ میں پاکستان کے سفیروں سمیت پاکستان سے تاجروں اورکاروباری افراد کا ایک بڑا وفد بھی کانفرنس میں شرکت کرے گا جو اپنے افریقی ہم منصبوں سے ملاقاتیں کرے گا ، کانفرنس میں تقریباً 300 افراد کی شرکت متوقع ہے۔کانفرنس پاکستان کے انگیج افریقہ اقدام کا حصہ ہے جو براعظم افریقہ کے ملکوں کے ساتھ قریبی سیاسی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور وزیراعظم عمران خان کی معاشی سفارتکاری کو مزید تقویت دینے کے نصب العین کے مطابق ہے۔ افریقہ کے ایک رابطے کے مرکز کے طور پر پاکستان کی صلاحیتوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی ہم آہنگی اور ترقی کی رفتار سے برابری کی سطح پر تعاون کی کثیر الجہتی راہیں کھلی ہیں۔کانفرنس جی ٹو جی اور بی ٹو بی رابطے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

مزیدخبریں