اسلام آباد: دفتر خارجہ نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ متشدد بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی انتہا پسند بیانیہ سے خطے کے امن واستحکام کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ تاہم کسی بھی جارحانہ اقدام کو ناکام بنانے کے لیے پاک افواج کو کمزور نہ سمجھا جائے۔
انڈٰین وزیراعظم نریندر مودی کے بیانات بی جے پی کی انتہا پسند سوچ کے عکاس ہیں۔ پاکستان ان کے جنگ کو ہوا دینے والے بیان کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستانی مسلح افواج اور عوام کے عزم کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے۔ بالاکوٹ میں بھارتی ایڈونچر کے دوران بھارتی طیاروں کو گرانا ہماری مسلح افواج کی تیاری کا ثبوت ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی کا بیان بھارت کے پاکستان مخالف لاعلاج جنون کو ظاہر کرتا ہے۔ بی جے پی حکومت اندرونی اور بیرون تنقید سے توجہ ہٹانے کے لیے بھونڈی کوششیں کر رہی ہے۔