ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ : قومی ٹیم کل آسٹریلیا روانہ ہوگی

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کیلئے15 رکنی قومی سکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے کل 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کیخلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی ۔ایونٹ کی تیاریوں کے لئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ آج 30 جنوری کو ختم ہو جائیگا ۔قومی خواتین ٹیم گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔پاکستان ایونٹ میںپہلا میچ 26فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ سکواڈ میںبسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نوازاور سیدہ عروب شاہ جبکہ آفیشلز میںسید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین ( سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ) شامل ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن