لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام لاہور میں جاری 57 ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے مینز اور ویمنز سنگلز کا کوارٹر فائنل مرحلہ مکمل ہو گیا۔ مردوں کے سنگلز مقابل وں میں نیشنل بنک کے مراد علی اور واپڈا کے ایم علی لاروش، عظیم سرور اور حافظ عرفان سعید نے جبکہ خواتین ایونٹ میں واپڈا کی ماحور شہزاد اور شیرا اکرام نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ واپڈا سپورٹس کمپلیکس میںڈ جاری چیمپیئن شپ کے مینز سنگلز کے پہلے کوارٹر فائنل میں نیشنل بنک کے مراد علی نے اپنے ہی ادارہ کے انجم بشیر کو دو صفر سے مات دی۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں واپڈا کے ایم علی لاروش نے پنجاب کے احمر جلال کو دو صفر سے، تیسرے کوارٹر فائنل میں واپڈا ہی کے عظم سرور نے نیشنل بنک کے راجہ محمد حسنین کو دو صفر سے جبکہ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں واپڈا کے حافظ عرفان سعید نے اپنے ہی ادارہ کے اویس زاہد کو دو صفر سے مات دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ویمنز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں واپڈا کی ماحور شہزاد نے نیشنل بنک کی پلواشہ بشیر کو با آسانی دو صفر سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے آوٹ کر دیا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں واپڈا کی شیرا اکرام نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی زبیرا اسلام کو دو صفر سے مات دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ چیمپئن شپ کے مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنلز میں واپڈا کے ایم علی لاروش اور غزالہ صدیق پر مشتمل جوڑی نے آرمی کے عدیل انجم اور ردا حنیف کو دو صفر جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں وقاص احمد اور عائشہ اکرام پر مشتمل جوڑی نے عتیق چوہدری اور خضریٰ کو، تیسرے کوارٹر فائنل میں راجہ ذوالقرنین حیدر اور صائمہ وقاص نے عمار مسعود اور لائبہ مسعود پر مشتمل جوڑی کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔