لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے بہاولپور وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر شیری ارشد خان کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب کے صنعتی شعبے میں خواتین کی عملی شرکت صوبے کی معیشت کو مستحکم کرے گی- پنجاب حکومت نے صنعتی شعبہ کی ترقی پر پورا فوکس کیا ہوا ہے- صوبے میں 6سپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے- 4مزید سپیشل اکنامک زونز جلد نو ٹیفائی ہوں گے- پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں بھی پہلی دفعہ سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں- صوبے میں صنعتی ترقی کے لئے جامع پالیسی پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں- پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض فراہم کرنے کا پروگرام تشکیل دیا ہے اور اس پروگرام میں خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے - خواتین کے لئے قرضے کی شرائط کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر کیلئے فنڈز جاری کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ بزنس وویمن آگے بڑھیں اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں- پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہوا ہے۔ عثمان بزدار سے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیام امن کیلئے پنجاب رینجرز کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے پنجاب رینجرز کے افسروں اور جوانوں کی جرأت اور بہادری کی تعریف کی۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ عثمان بزدار نے سابق آئی جی پولیس میاں اسلم حیات خان مانیکا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عمران کی قیادت میں پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہوا: عثمان بزدار
Jan 30, 2020