لاہور( نیوز رپورٹر) حمزہ شہباز نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے سے برداشت کا مادہ ختم ہوچکا ہے جو کہ کسی بھی معاشرے کی تباہی کی علامت ہے، ہماری حکومت سی پیک کی شکل میں پچاس ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری لائی۔ اندھیروں کو روشنیوں میں بدلا۔ اب معیشت سسکیاں لے رہی اور ڈوب رہی ہے، لوگ بے روزگار ہورہے ہیں، حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو وہ وقت دور نہیں جب قوم ان کا محاسبہ کرے گی۔ کھلنڈروں سے معیشت بہتر نہیں ہو رہی نہ ہی ان سے مہنگائی کنٹرول ہو رہی ہے۔ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوش ربا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ نوازشریف کے دور حکومت میں اس طرح مہنگائی نہیں تھی۔ غریب آدمی صبح شام حکومت کو بددعائیں دیتا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب عوام بہت جلد اس حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔ گذشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو توقعات اور سبز باغ دکھائے گئے وہ بجلی ا ور گیس کے بلوں کی صورت میں بم بن کر برس رہے ہیں۔