لاہور کینال سے دھڑا دھڑ درخت کاٹے گئے، محکمہ ماحولیات کیوں سو رہا ہے: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

Jan 30, 2020

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت میں لاہور ہائیکورٹ نے افسروں کی سرزنش کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مامون رشید شیخ نے سماعت کی۔ عدالت نے محکمہ ماحولیات کے لاء افسرسے استفسار کیا کہ لاہور کینال کے گرد دھڑا دھڑا درخت کاٹے گئے۔ محکمہ ماحولیات کیوں سویا پڑا ہے۔ عدالت نے محکمہ ماحولیات کے افسر کی سرزنش کرتے ہوئے آج جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار نے کہاکہ لاہور میں تیزی سے درخت کاٹے جا رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ عدالتی حکم کے باوجود مال روڈ پر گزشتہ روز درخت کاٹے گئے۔ درخت ہمیں زندگی دیتے ہیں مگر ان کے ساتھ مسلسل دہشت گردی کی جا رہی ہے۔ عدالت درخت کاٹنے سے روکے اور حکومت کی جانب سے درخت کاٹنے کی وجویات اور مکمل ریکارڈ طلب کرے ۔

مزیدخبریں