لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام میر کمال نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے توانائی چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر زمرک خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام میر کمال نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، انہوں نے ہمیشہ جوڑنے کی بات کی ہے اور ہر مشکل مرحلہ پر اپنی مثبت تجاویز سے حل ڈھونڈ نکالا ہے۔ صدر ق لیگ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ مخلص اور نیک نیتی کے ساتھ چل رہے ہیں، ہمیں عہدوں یا وزارت کی ضرورت نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک معاشی طور پر مضبوط ہو تاکہ ملک پر چھائے مہنگائی کے بادل چھٹ جائیں اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے میں مخلص ہے۔