اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے برطانیہ کے نئے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق معاملات پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ ملاقات بدھ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی میں ہوئی۔ ملک امین اسلم نے نئے ہائی کمشنر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے مشیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک اہم ایشو ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ مل کے اس پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ باہمی دلچسپی اور تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ سی او پی 25 کا بنیادی موضوع بھی نیچر پر مبنی حل کی تلاش تھا اور بلین ٹری ایسا پروگرام ہے جو اس تھیم کے مطابق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سارے ممالک نے ہمارے بلین ٹری سونامی پروگرام کو کاپی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایکو سسٹم ریسٹوریشن فنڈ کو بھی سو او پی کے دوران لانچ کیا ہے۔ ملک امین اسلم نے وزارت کے 5 نکاتی ایجنڈا کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہ کیا۔ ہائی کمشنر نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق چار ایریاز میں کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ گرین فنانسنگ، کلین گرین گروتھ، نیچر پر مبنی حل کی تلاش اور ریزیلئنس اہم ایریاز ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر ہائی کمشنر نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مشیر کی کاوشوں اور مثبت ردعمل کو سراہا اور موسمیاتی تبدیلی کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملک امین اسلم سے برطانیہ کے نئے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر کی ملاقات
Jan 30, 2020