نیا قانون اور تمباکو بورڈ کا نوٹیفکیشن پیش کریں،پان مصالحہ جات کمپنیوں کوہدایت

Jan 30, 2021

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے پان مصالحہ جات کمپنیوں کوہدایت کی ہے کہ ان کمپنیوں سے متعلق بنایا گیا نیا قانون اور تمباکو بورڈ کا نوٹیفکیشن پیش کریں،جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی تین رکنی بینچ نے پان مصالحہ کمپنیوں کی طرف سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف اپیلوں پر ابتدائی سماعت کی تو کمپنیوں کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے موقف اپنایاکہ پان مصالحہ کمپنیاں وہ اشیا استعمال نہیں کرتی جو مضر صحت ہوں۔ لیکن سندھ ہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو گٹکا ماوا اورنیم پوری کے استعمال کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔وکیل شاہ خاور کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے قانونی کاروبار والوں کیخلاف کارروائی شروع کردی، تمباکو کا ٹرک پکڑا گٹکا اور ماوا تیار کرنے کا مقدمہ درج کردیا گیا پان مصالحہ کمپنیوں کیخلاف بعض مقدمات میں نئے قانون کی شق 337 جے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔اس پر جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نے اس معاملے پر نیا قانون بنا لیا ہے تمباکو بورڈ کا بھی ایک نوٹیفکیشن آ چکا ہے ۔عدالت نے پان مصالحہ جات کمپنیوں کو حکومت سندھ کی جانب سے نیا قانون اور تمباکو بورڈ کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔

مزیدخبریں