اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی رکن اسمبلی منورہ بی بی بلوچ اور سندھ کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے
پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں بڑھانے سے متعلق قانونی مسودہ تمام جماعتوں کی حمایت سے سینیٹ سے منظور ہو چکا ہے اور قومی اسمبلی سے منظوری کیلئے بھی اسی اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک اہم صوبہ ہے اور اس کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے دونوں اراکین اسمبلی پر اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا اور کہا کہ وہ اس بل کیلئے دو تہائی اکثریت کی حمایت کے حصول کیلئے مہم کا حصہ بنیں اور مشاورتی عمل میں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔ خواتین اراکین اسمبلی نے چیئرمین سینیٹ کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بحیثیت چیئرمین سینیٹ انہوں نے اہم امور پر قانون سازی اور افہام تفیہم کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھایا ہے اور مختلف نوعیت کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کیا ہے۔