خانگڑھ( خبر نگار) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان نے جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سفید پوش،مزدور اور غریب طبقے کے لوگوں کا خیال رکھنے کی بجائے کنسٹرکشن ،انڈسٹری مالکان کو ایمنسٹی پیکیج سے بینکرز اور اسٹاک بروکرز اور امیر ترین لوگوں کو نوازا جبکہ دوسری جانب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے صادق اور امین کی حکومت کا پوسٹ مارٹم کر دیا ہے۔ کرپشن ختم کرنے کا دعویٰ جھوٹ ثابت ہوا۔ عجب کرپشن کی غضب کہانیاں آئے روز سامنے آ رہی ہیں۔ سلیکیٹڈ وزیراعظم کی کارکردگی زیرو ہے جبکہ کابینہ کی کارکردگی زیرہ پلس زیرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کہاں ہیں ایک کروڑ نوکریاں اور50 لاکھ گھر؟ سلیکٹڈ وزیراعظم کی کارکردگی صرف بنی گالہ محل کو بچانے تک محدود ہے اور حکومت کی ترجیحات قومی اداروں کی لوٹ سیل ہے جو کہ قابل مذمت اور افسوسناک امر ہے۔سرکاری اداروں میں 70 ہزار خالی آسامیوں کو ختم کیا جا رہا ہے قومی اداروں سٹیل ملز، ریڈیو پاکستان ،پی ٹی وی،اسٹیٹ لائف انشورنس، پی ٹی ڈی سی،لیڈی ہیلتھ ورکرز،پنشرز ،ایڈہاک ملازمین کو روزی سے محروم کیا جا رہا ہے اور اب تھرمل پاور پلانٹ مظفرگڑھ کو بند کرنے کا پروگرام بنا لیا گیا ہے۔