لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں ’’ردِّ ناصبیت کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت الحاج میاں عبد الواحد کیلانی نے کی۔ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے یہاں تحقیقی مقالہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ حضرت سیدنا علی المرتضیٰ ؓسے محبت کرنا سْنّیت اور معاذ اللہ آپ سے بغض رکھنا ناصبیت ہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں حسینی نظریات کا علمبردار بنایا اور یزیدی سوچ کا مقابلہ کرنے کی توفیق عطا فرمائی ہے۔ باطل سے حق کا امتیاز کرنا سنت الٰہی ہے۔ پاکستان ہمارے پاس ہمارے اکابر کی امانت ہے۔ ہم ملک میں کسی کو فرقہ وارانہ فسادات کی آگ نہیں بھڑکانے دیں گے۔ ہمارا ملک ہر گز کسی خون خرابے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ معاشرے میں اسلامی شعائر، اخلاقی اقدار اور روحانی رویوں کے احیاء کے بغیر امن و آشتی کی منزل کو حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ اعتقادی اصلاح کے بغیر اعمال صالحہ کی کوئی حیثیت نہیں۔ تندرست عقیدے کے ساتھ شریعت کے مطابق اعمال بھی نہایت ضروری ہیں۔ فکری کج روی اور نظریاتی بگاڑ سے نسلِ نو اسلام کی حقیقی چاشنی سے دور ہوتی جا رہی ہے۔