کبیروالا(نامہ نگار) اسلامی مشترکات کو فروغ دیکرفرقہ وارانہ تعصبات کاخاتمہ کیا جاسکتا ہے ، اسلام اورپاکستان دشمنوں کا سب سے موثر ہتھیار ’’فرقہ وارانہ تعصبات ‘‘پھیلانا ہے،امریکہ ،اسرائیل ،انڈیا اور دیگر عالمی طاقتیں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ’’فرقہ واریت ‘‘ کو فروغ دیکر اسلام اور پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش پر عمل پیرا ہیں ،ان خیالات کا اظہار امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے کبیروالا شہر میں ممبر تحصیل امن کمیٹی سید فرخ رضا کی رہائشگاہ ’’المرتضیٰ ہائوس‘‘پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ منظم منصوبے کے تحت لالچ اور دبائو کے ذریعے تسلیم کرایا جارہا ہے،عرب اور اسلامی ممالک سے تسلیم کرواکے اسرائیل سے عالم اسلام کے سینے میں پیوست خنجر والا کردار لیا جائے گا،اسرائیل کو تسلیم کرنا فلسطینیوں کی 70سالہ جدوجہد آزادی کی تحریک نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ،پاکستان کسی صورت بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا،۔انہوں نے کہا کہ عالمی استعماری طاقتوں کی سازشوں کے نتیجے میں اس وقت صرف اسلامی ممالک میں جنگ اور انتشار کی کیفیت ہے،جس کا مقصد مسلمانوں کو آپس میں لڑانا ہے،ان جنگوں اور فسادات میںاسلامی ممالک کے وسائل استعمال ہورہے ہیں اور دونوں جانب مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ تعصبات کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام،نمائندگان اور دانشوروں کو اکٹھے ہوکردینی اور اسلامی مشترکات کو فروغ دینے پر متحد اور منظم ہوجائیں ۔انہوں نے کہا کہ امت واحدہ پاکستان ،وطن عزیز میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت پھیلانے کی منظم سازش کے خلاف جدوجہد کررہی ہے،اس حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام،عمائدین ،دانشوروں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے،جس کے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہورہے ہیں۔
فرقہ واریت کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنا عالمی سازش ہے: امین شہیدی
Jan 30, 2021