اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان اور کینیا کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دور بذریعہ ویڈیو کانفرنس منعقد ہوا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور کینیا کی وزارت خارجہ کے پرنسپل سیکرٹری کماؤ مچاریا نے اپنے وفود کی قیادت کی۔دفتر خارجہ کے مطابق دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں، عالمی اداروں میں باہمی تعاون اور متعلقہ خطوں میں امن و سلامتی کے موضوعات پر مشاورت کی گئی۔سیکرٹری خارجہ نے ’’انگیج افریقہ‘‘کے اقدام کے ذریعے افریقہ کے خطے کے ساتھ کثیر الجہتی روابط استوار کرنے کی وزیراعظم کی سوچ کو اجاگر کیا۔سیکرٹری خارجہ نے کینیا کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کا منصب سنبھالنے پر مبارک دی۔ باہمی دلچسپی کے کثیرالجہتی ایجنڈے کے وسیع امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ سیکریٹری خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مثبت کاوشوں کو اجاگر کرنے کے علاوہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ خطے کو باہم ملانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ سی پیک کے تبدیلی کا منصوبہ ہونے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ پاکستان تجارت میں کینیا کا سرفہرست شراکت دار ہے۔ اتفاق کیاگیا کہ اعلی سطحی دوروں سے مخصوص اقدامات کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو وسعت ملے گی۔
پاکستان کینیا باہمی‘ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور ویڈیو کانفرنس
Jan 30, 2021