اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایف بی آر کو جعلی ٹیکس ری فنڈ کیس میں ایک کروڑ 44 لاکھ روپے کی وصولی کا حکم دیدیا ہے۔ ایوان صدر کے مطابق صدر نے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کے خلاف ایف بی آر کی جانب سے دائر کردہ اپیل مسترد کر دی ۔ ایف بی آر حکام نے جعلی رسیدوں کی بنیاد پر جعلی رجسٹرڈ پرسن کو ایک کروڑ 44 لاکھ سے زائد ٹیکس ری فنڈ کیا تھا۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو جعلی رسیدوں کی بنیاد پر ادا کی جانے والی رقم وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے جعلی ری فنڈ کیسز میں از خود نوٹس لیا تھا۔ صدر نے ایف بی آر کی جانب سے جعلی دعووں کی تفتیش میں ناکامی پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ایف بی آر کے عہدیدران کی ملی بھگت سے رقم واپس کی گئی اور ذمہ داروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ صدر نے کہا کہ جعل سازوں سے خورد برد کی گئی رقم واپس کی جائے اور انھیں قانونی سزا دی جائے۔ ایف بی آر ٹیکس محتسب کے فیصلے کی مخالفت کرنے کی بجائے عوام کا پیسہ وصول کرے۔ واضح رہے کہ ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب کے احکامات کے خلاف ایوان صدر میں 74 درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ صدر کو اطلاع ملی ہے کہ ایف بی آر نے جعلی رجسٹرڈ پرسنز کو 87 کروڑ روپے ری فنڈ کی منظوری دی جس میں سے 82 کروڑ کی رقم پہلے ہی ادا کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء صدر نے گذشتہ ماہ بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے جوانوں کے لواحقین سے فون پر رابطہ کیا۔ صدر مملکت نے نائب صوبیدار محمد گلزاز خان، سپاہی فیصل ارباز، سپاہی عبدالوکیل، سپاہی جمال خان، سپاہی شیر زمان، سپائی فقیر محمد اور سپاہی عبدالرئوف کے اہلخانہ سے بات چیت کی۔ میں شہداء کو ان کی بہادری پر خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
جعلی ریفنڈ کیس‘ صدر کا ایف بی آر کو ایک کروڑ 44 لاکھ روپے وصولی کا حکم
Jan 30, 2021