کراچی(آئی این پی ) قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے وزیراعظم کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ کرپٹ افسران کی ترقی روک کر انہیں جبری ریٹائر کیا جائے، سندھ میں کرپٹ افسران کی جگہ اچھے اور ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے، اس قانون پر جلد عمل درآمد کرایا جائے۔ قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا کہ کرپٹ افسران پوسٹنگ پر ہیں، ای اینڈ رولز پر جلد عمل درآمد کرایا جائے، دس سال سے زائد عرصے سے بدعنوان افسران پوسٹنگ پر ہیں، سندھ میں کرپشن کو صوبائی حکمرانوں نے ادارہ بنایا ہوا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ پلی بارگین کرنے کے باوجود کرپٹ افسران عہدوں پر موجود ہیں، اورغلط طریقوں سے غریب عوام کا خون چوس رہے ہیں۔