لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت پارٹی کا تنظیمی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، ساجد احمد خان بھٹی ایم پی اے، موسیٰ الٰہی، صباحت الٰہی، خالد اصغر گھرال سابق ایم پی اے، ڈاکٹر زین علی بھٹی، چودھری سعید احمد کندوانہ سینئر نائب صدر اور عاطف عظمت جنرل سیکرٹری گجرات بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے ضلع گجرات، منڈی بہاؤالدین اور گوجرانوالہ کے رہنماؤں کو بلدیاتی الیکشن اور پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے احکامات اور خصوصی ہدایات جاری کیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) عوام کی ترجمان جماعت ہے۔ ہر فورم پر عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ مہنگائی بیروزگاری کے خاتمے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ پورے پنجاب سے حصہ لے گی اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والی شخصیات کو الیکشن لڑنے کا موقع دیا جائیگا۔