آرمی چیف کا دورہ قطر: امیر وزیر دفاع ، سربراہ آرمڈ فورسز سے ملاقاتیں ، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

Jan 30, 2021

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کا دو روزہ دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے  دوحا میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی‘ نائب وزیراعظم اور دفاعی امور کے وزیر ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ اور قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل غنیم بن شاہین الغنیم سے ملاقاتیں کی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاع و   سلامتی تعاون‘ علاقائی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ قطر کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان  سٹرٹیجک اہمیت کے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان  دفاع کے شعبے میں تعلقات کی سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طرفین نے اس تعاون میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ  نے احمد بن محمد ملٹری کالج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ دیکھی۔ انہوں نے ادارے کے اعلیٰ معیار اور مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے نوجوان کیڈٹوں کی تربیت کیلئے ہونے والی کوششوں کو سراہا۔

مزیدخبریں