برطانیہ کی بڑی ادویہ ساز کمپنی آسٹرازینیکا اپنی کورونا وائرس ویکسین جلد ہی جاپان میں تیار ی شروع کرے گی۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق اس کمپنی نے ویکسین کی 12 کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کیلئے جاپانی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ توقع ہے کہ مارچ تک تین کروڑ خوراکیں جاپان درآمد کر لی جائیں گی۔آسٹرازینیکا نے کہا ہے کہ فراہمی کی رفتار تیز کرنے کی غرض سے وہ مستقبل قریب میں مغربی جاپان کے ہیوگو پریفیکچر میں قائم دوا ساز کمپنی سمیت کئی اداروں کو کام تفویض کر کے جاپان میں ویکسین کی پیداوار شروع کرے گی۔اگر وزارت صحت نے اس ویکسین کی اجازت دیدی تو توقع ہے کہ آسٹرازینیکا ویکسین کی جاپان ساختہ 9 کروڑ تک خوراکیں ملک میں ویکسین لگانے کے منصوبے کیلئے فراہم کر دی جائیں گی۔ اس ویکسین کی طبی آزمائش جاری ہے۔چونکہ یورپ اور دیگر ملکوں میں ویکسین کی فراہمی میں تاخیر ہوئی ہے، لہذا آسٹرازینیکا جاپان میں مستحکم فراہمی کی خواہاں ہے۔