لاہور(کامرس رپورٹر)بزنس کمیونٹی کو پنجاب حکومت کے تمام اداروں میں رسائی کے مسائل نہیں آئیں گے۔ حکومت ایک سیکٹر کو دوسرے سیکٹر پر ترجیح نہیں دیتی تمام سیکٹر ایک دوسرے کے لئے ضروری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل نے لاہور چیمبر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق،سیکریٹری انڈسٹریز پنجاب واصف خورشید، سیکریٹری فوڈ علی سرفراز حسین، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن وقاص علی محمود، سیکریٹری انوائرنمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ سید مبشر حسین، سپیشل سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ احمد مجتبیٰ کرامت، کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، لاہور چیمبر کے سابق صدور سہیل لاشاری، طاہر جاوید ملک، الماس حیدر، سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، علی حسام اصغر، سابق نائب صدورکاشف انور، زیشان خلیل میاں زاہد جاوید، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران نے بھی خطاب کیا۔لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ بیوروکریسی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر ے ۔ہم چاہتے ہیں کہ لاہور شہر کی ڈویلپمنٹ کے لئے ایک Joint High Poweredکمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے،جو لاہور چیمبر کی جانب سے نامزد پرائیویٹ سیکٹر کے چار نمائندوں کے علاوہ داخلہ، صحت،فنانس،ماحولیات اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت متعلقہ حکومتی محکموں کے نمائندوں پر مشتمل ہو۔