ملک سیکولر جماعتوں کی آماجگاہ بن گیا‘ راشد نسیم

Jan 30, 2022


ٹنڈوآدم (نامہ نگار    ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و معروف دینی دینی اسکالر راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک سیکولر جماعتوں کی آماجگاہ بن گیا۔ افغانستان میں اسلامی انقلاب امت مسلمہ کے لیے امید کی کرن، انشاء  اللہ پاکستان کی سرزمین بھی قرآن و سنت کا گہوارہ بنے گی۔اسلامیانِ پاکستان ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتے ہیں۔ جاگیرداروں اور وڈیروں نے ملک کو تباہ کر دیا۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی میں ایک ہی قبیل کے لوگ ہیں، تینوں نے ملک کو استعمار کی غلامی میں دھکیلا۔ جماعت اسلامی ہی پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔ تینوں بڑی جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، اب ان شاء  اللہ جماعت اسلامی ملک کو سنوارے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سانگھڑ جھول میں درس قرآن اور سنجورو میں جامعہ المحصنات میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور ٹنڈوآدم میں ذمہ داران جماعت اسلامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر سانگھڑ محمد طفیل،ضلعی جنرل سانگھڑ عبدالغفور انصاری اور جامعہ المحصنات کی سربراہ میمونہ  اس موقع پر موجود تھیں۔راشد نسیم نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالامال کیا ہے۔ ہماری قوم جفاکش اور محنتی ہے۔ ہمارے نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا پوری دنیا میں منوایا، مگر بدقسمتی سے ہمیں 7 دہائیوں سے ایسے حکمران میسر آئے جو ملکی وسائل کا کھلواڑ کر رہے ہیں اور جنھوں نے ملک میں اللہ کے قانون کے بجائے فرسودہ نظام اور سودی معیشت کو پروان چڑھایا۔ وقت آ گیا کہ ان سے چھٹکارا حاصل کر کے ملک میں اسلامی نظام نافذ کیا جائے۔

مزیدخبریں