ٹنڈو اللہ یار (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی قانون جلدی میں بنایا، ہمیں پہلے ہی ترامیم کرنی تھیں۔ ٹنڈواللہ یار میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں امن و امان پاکستان کے کسی حصے سے بہتر نہیں تو کم بھی نہیں ہے، ہمارے یہاں پچھلے کچھ سالوں میں کووڈ کی وجہ سے لوگوں کی نوکریاں گئی تھیں، لوگوں کے معاشی حالات خراب ہوئے تھے جس کیوجہ سے بھی کرائم میں اضافہ ہوا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم کیلئے صوبائی وزیر بلدیات نے تمام جماعتوں سے رابطے کئے اور انہیں خط بھی لکھے، مگر کسی جماعت نے کوئی تعاون نہیں کیا تھا، بلدیاتی قانون کو کالا قانون کہنا بلکل غلط ہے، 21 نومبر کو الیکشن کمشن نے کہا کہ جو بلدیاتی قانون بنانا ہے بنائیں ہم حلقہ بندی کریں گے، ہم نے بلدیاتی قانون میں ترامیم کرنی تھیں، ہم نے اس لئے بلدیاتی قانون جلدی میں بنایا جس پر سب سے بات کی تھی، لیکن اپوزیشن نے شور شرابہ کیا، لوکل باڈیز کے الیکشن فروری یا مارچ میں کروانے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ریلی کا روٹ طے تھا رات میں انتظامیہ سے کہا تھا سب کو چھوڑ دو لسانیت کا تاثر دینا غلط ہے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی سے معاہدے کے تحت بلدیاتی بل میں ترمیم کرنے کے لیے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ کا اجلاس 2 فروری کو طلب کرلیاہے۔ جماعت اسلامی سے معاہدے کے بعد بلدیاتی ترمیمی بل 2021 کو نئے بلدیاتی انتخابات یا جولائی تک موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بلدیاتی قانون جلدی میں بنایا، ریلی کولسانی رنگ دینا غلط: مراد شاہ
Jan 30, 2022