پاکستان سپر لیگ: سلطانز کی مسلسل دوسری فتح، قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست

Jan 30, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے شان مسعود اور کپتان محمد رضوان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو ایک اچھے مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے تیسرے میچ کا ٹاس ملتان سلطانز نے جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔فخرزمان اور عبداللہ شفیق نے قلندرز کو 8 اوورز میں 89 رنز کا آغاز فراہم کیا۔عبداللہ شفیق نے 24 رنز بنائے اور عمران طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔فخرزمان نے35 گیندوںپر11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔محمد حفیظ 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور اس وقت ٹیم سکور 147 تھا۔ کامران غلام 43 رنز بنا کر ڈیوڈ ولی کی وکٹ بن گئے ۔ڈیوڈ ویزے اور راشد خان نے ٹیم کا سکور5 وکٹوں پر 206 رنز تک پہنچایا۔راشد خان نے 4 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 17 رنز بنائے۔ویزے نے 5 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 13 رنز بنائے۔شاہنواز دھانی ‘ڈیوڈویلی‘عمران طاہر‘احسان اللہ اور خوش دل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا، شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے نصف سنچریاں بنائیں اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن دلائی۔شان مسعود نے 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں راشد خان کی گیند کو سمجھ نہ سکے اور وکٹیں گنوا بیٹھے۔محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور شاہین شاہ آفریدی نے ان کو بولڈ کردیا تاہم ٹیم کا سکور 17 ویں اوور میں 168 رنز تک پہنچایا۔سلطانز نے 19 اوورز میں5 وکٹوں پر 191 رنز بنا لئے تھے اور آخری اوور میں جیت کیلئے 16 رنز درکار تھے ۔ خوشدل شاہ نے حارث رؤف کے آخری اوور کی ابتدائی تین گیندوں پر مسلسل چوکے رسید کیے اور چوتھی گیند پر چھکا مار کر ٹیم کو 5 وکٹوں کی شان دار فتح دلائی۔شان مسعود کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ کی شاندار بائولنگ کے باعث کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پچھاڑ دیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا، 16 کے مجموعی سکور پر شرجیل پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 10 رنز بنائے۔ جوئے کلارک 2، ٹام لیمنبے 3، محمد نبی صفر پر آئوؤٹ ہوئے۔ لوئس گریگورے 5، محمد طہ 6، بابر اعظم 32، عامر یامین 20، محمد الیاس 7 ، عماد وسیم 26 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی ٹیم 113 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نسیم شاہ نے 5 شکار کیے، سہیل تنویر کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔114 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے اننگز کا آغاز ول سمیڈ اور احسان علی نے کیا۔ دونوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر ففٹی کی پارٹنر شپ بنی۔76 کے مجموعی سکور پر ول سمیڈ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بین ڈکٹ 2 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، احسان علی 57 اور سرفراز احمد 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد عمران نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نسیم شاہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

مزیدخبریں