لاہور(نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ معاشی تباہی کے باعث ملکی سلامتی کو شدید خطرات ہیں۔ صدر انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کا نوٹس لیں۔ پی ڈی ایم نے اقتدار میں آکر عوام کو مہنگائی دی ہے۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسدعمر کا کہنا تھا کہ معاشی ڈھانچے کی تباہی کے باعث ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ پی ڈی ایم سرکار جس طرح معیشت چلارہی ہے۔ اس پر شدید تشویش ہے۔ پی ٹی آئی نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نہ آنے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ کل پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہو گی۔ ایک دو روز میں پشاور ہائیکورٹ میں بھی پٹیشن دائر کریں گے۔ پی ٹی آئی قیادت صدر مملکت کی توجہ ایجنسیوں کی بڑھتی مداخلت کی جانب دلوانا چاہتی ہے اور صدر پر زور دیتی ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں۔
معاشی تباہی‘ ملکی سلامتی کو خطرہ‘ صدر انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں: اسد عمر
Jan 30, 2023