چشتیاں‘ بہاولنگر‘ بھکر (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاںبحق ہو گئے۔ چاندنی چوک بھکر کے قریب بس کی کار کو ٹکر سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔چشتیاں کے نواحی قصبہ فریدکوٹ کے قریب تیزرفتار کار بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں چار خواتین و دوبچوں سمیت چھ افراد جاں بحق اور دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ کار سوار بدقسمت خاندان چشتیاں کے قدیم قصبہ منگھیر شریف سے قصبہ جنڈوالا میں شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہا تھا، مرنے والوں کا ایک ہی خاندان سے تعلق ہے جبکہ مرنے والوں میں زخمی نوجوان وحید کی بیوی اور دوکمسن بیٹے بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بدقسمت خاندان کے8 افراد مہران کار LE2078 میں سوار ہو کر بہاولنگر کے قصبہ جنڈوالا جارہے تھے کہ وہ ابھی چشتیاں سے پانچ میل دور فرید کوٹ پہنچے تھے کی سامنے سے آنے والے تیز رفتار موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی۔ کار میں سوار سدرا بی بی 18سال، حنیفاں بی بی 17سال، سلیم بی بی زوجہ وحید 23سال، نوید بی بی 15سال، عبدالرحمن 6سال، محمد عثمان 2سال پسران وحید موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ وحید 23سال، عنبرین مقصود 16سال شدید زخمی ہوگئے۔ عنبرین کو طبی امداد کے بعد 150کلومیٹر دور بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال بھجوا دیا گیا۔ عملہ نے نعشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہسپتال پہنچایا۔ جاںبحق ہونے والوں میں 4 لڑکیاں اور 2 بچے شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے مقامی ہسپتال انتظامیہ کوہدایت جاری کی ہیں کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین علاج معالجہ کی سہولیات دی جائیں جبکہ ڈی پی او محمد عیسیٰ خان نے مقامی تھانے کے عملہ کو امدادی کارروائیوں میں پوری مدد کرنے کا حکم دیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بہاولنگر کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔