لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے جنوبی پنجاب کے عوام کو ہر حکومت نے دھوکہ دیا۔ جنوبی پنجاب صوبہ کا وعدہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور تحریک انصاف نے کیا جو آج تک پورا نہیں ہوا اب یہ وعدہ جماعت اسلامی پورا کرے گی۔ پی ڈی ایم، پی پی اور ن لیگ نے کشمیر کو انڈیا کے حوالے کیا۔ یہ امریکہ کے غلام ہیں اور قوم کو شودر سمجھتے ہیں۔ آج کاشتکار، مزدور اور کارخانہ دار پریشان ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی میں اندھے حکمرانوں نے ایک مرتبہ پھر عوام پر پٹرول بم گرایا ہے، انہوں نے معیشت کو تباہ کیا، کرپٹ ٹرائیکا عوام کے دشمن ہیں۔ وہ ملتان میں ورکرزکنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ کنونشن سے میر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ محمد ظفر، امیر ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ٹرائیکا کی جنگ اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر کے لیے ہے۔ انگریز چلا گیا لیکن اس کے ملازم آج ہم پر مسلط ہیں۔ یہ بار بار امریکہ جاتے ہیں لیکن ایک بار بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بات نہیں کر سکے۔ جماعت اسلامی اس وقت 25000 یتیم بچوں کی کفالت بغیر کسی سرکاری سرپرستی کر رہی ہے۔