لاہور (این این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ہرجانہ کیس میں حق دفاع ختم کرنے کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نظرثانی کی درخواست دائر کر دی۔ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حق دفاع ختم کرنے کے خلاف اپیل میں مکمل طور پر سنا نہیں گیا۔ بہت سے ایسے حقاق ہیں جنہیں نظر انداز کیا گیا۔ ٹرائل کورٹ نے مکمل پیروی کے باوجود حق دفاع ختم کر دیا۔ سپریم کورٹ نظر ثانی کی درخواست منظور کرے۔ بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے دائر نظرثانی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمی ٹرائل کورٹ میں حق دفاع بحال کر کے کیس کی پیروی کی اجازت دے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے فل بنچ نے 29 دسمبر کو عمران خان کی اپیل مسترد کر دی تھی۔