قوم کو ہاتھ پائوں باندھ کر آئی ایم ایف کے سامنے پھینک دیا : جمشید اقبال چیمہ

Jan 30, 2023


لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے قوم کو ہاتھ پائوں باندھ کر آئی ایم ایف کے سامنے پھینک دیا ہے ،پیٹرولیم کی قیمت میں35روپے لیٹر اضافے سے مہنگائی کا سونامی آئے گا، امپورٹڈ ٹولے نے رجیم چینج آپریشن کی سازش کے ذریعے جو گڑھا تحریک انصاف کیلئے کھودا تھا آج خود اس میں گرنے جارہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف شہباز شریف ہے جس پر 1600 کروڑ کی چوری ثابت ہوچکی ہوئی ، نواز شریف جو5 ہزار کروڑ کی کرپشن میں ملوث ہے اورجعلی اکائونٹس کیس کا مجرم زرداری تو دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کو منشی کہنے پر فواد چوہدری جیل میں ہے، اب پاکستان اس نا انصافی کے نظام کے ساتھ نہیں چل سکتا ، اگر اس نظام کو نہ بدلا گیا تو خدانخواستہ پاکستان کو ایسا نا قابل تلافی نقصان پہنچے گا جس کا کبھی ازالہ ممکن نہیں ہوگا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولہ اوچھے ہتھکنڈوں سے جتنا مرضی اپنے اقتدار کو طوالت دے لے انہیں ایک دن عوام کی عدالت میں پیش ہونا پڑے گا اور یہی ان کا یوم حساب بھی ہوگا۔

مزیدخبریں